لاہور 7نومبر( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ملک سے باہر پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں اوورسیز پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں لندن بارو آف ہنسلو کے مئیر افضال کیانی کے قیادت میں برطانیہ سے آئے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں بیرسٹر ریاض گل، سابق میئر لندن بورو آف ہنسلو سمیعہ چودھری سمیت دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے باعث فخر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود ان سے ملتے رہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میڈیا کے ذریعے انہیں پاکستان کا ایک منفی تاثر ملا تھا لیکن یہاں ا کر انہوں نے اس کے برعکس پایا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ اور حکومت سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری میں خصوصی سہولیات دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور میڈیا پر منفی تاثر کی وجہ یہ بھی ہے کہ لوگ بغیر تحقیق کیے غلط خبروں پر نہ صرف خود یقین کرتے ہیں بلکہ اسے آگے بھی پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے مذہب اسلام میں بھی تحقیق کرنے اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کرنے کی خاص تلقین کی گئی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ایک قابل اعتماد ادارہ ہے۔ کس حکومت میں ملک کی ٹرانپیرنسی انٹرنیشنل کی ریکنگ بہتر ہوئی یہ ریسرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت میں اعلی تعلیم کے شعبے میں فنڈز میں اضافہ کیا گیا۔ جبکہ 2013 -2018 کے درمیان اسے بڑھا کر 120ارب روپے کر دیا گیا ۔لیکن بدقسمتی سے 2018 کے بعد ان فنڈز میں اضافہ نہیں گیا بلکہ اعلی تعلیم کا بجٹ کم کرکے 60ارب کردیا گیا ،اس دوران سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا، جبکہ 2018 تک سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ برداشت کے رویے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر افضال کیانی نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانوں کو پاکستانی برٹش کمیونٹی اور نوجوانوں سے رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سفارتخانے بلائیں اور پاکستان کے بارے میں آگاہ کریں، حکومت اور اوورسیز پاکستانی مل کر پاکستان کا امیج بہتر بنا سکتے ہیں۔