بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے پرو چانسلرکا معاشرے میں تعلیمی اداروں کے تعمیری کردار پر زور

8

 

اسلام آباد،07 نومبر(اے پی پی): بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد  کے پرو چانسلر اور امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سالم محمد العمیری نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی رفتار پر عمل کرنا ناگزیر ہے اور عصری تقاضوں کے مطابق تعلیمی ادارے معاشرتی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوئے انسانیت کی بہترین خدمت کرنے والے مرکز بن سکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد  کے نئے اور فیصل مسجد کیمپس میں اپنے ایک روزہ دورے کے دوران کہی۔ انہوں نے حال ہی میں منتقل کیے گئے سنٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرانکس اینڈ فوٹوولٹک انجینئرنگ (سی اے ای پی ای) کا افتتاح کیا جو نئے کیمپس میں نئے تعمیر شدہ بلاک میں قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے انجینئرنگ بلاک میں سمارٹ  موسمی  اسٹیشن کا بھی افتتاح کیا اور انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد  کے نائب صدور، ڈینز، ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے علاوہ یونیورسٹی کے خواتین کیمپس کا بھی دورہ کیا۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نینو ٹیکنالوجی کے اقدامات اور سمارٹ موسمی  ریڈنگ یونیورسٹی کی مثالی کامیابی کا شگون ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ہتھل حمود علطیبی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بجا طور پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو ایک حقیقی بین الاقوامی ادارہ بنانے کے اپنے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

فیکلٹی اور عہدیداروں کے ساتھ اپنے انٹرایکٹو سیشن کے دوران، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو غیر سیاسی کرنا تعمیری نتائج کے لیے ایک شرط ہے۔ انہوں نے فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ ہنر مند نوجوان پیدا کریں جو اسلام کی تعلیمات سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں دوسروں کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے اور ہمیں تحقیق کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔