چارسدہ کی تاجر برادری کا اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان

8

پشاور،8نومبر(اے پی پی): چارسدہ کے تمام تاجروں نے جماعت اسلامی کیساتھ مشترکہ طور پر امریکی و اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے اور اس مقصد کیلئے انہوں نے بازاروں سے اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے خاتمے کے لیے کمیٹیاں قائم کردی ہیں۔

اس سلسلے میں آج چارسدہ میں  جماعت اسلامی چارسدہ کے ضلعی دفتر میں اسرائیلی منصوعات سے بائیکاٹ کے لیے چارسدہ کی تاجر، صحافی اور وکلاء برادری کا ایک مشترکہ اجلاس زیر صدارت شاہ حسین ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی ضلع چارسدہ منعقد ہوا۔

اجلاس میں چارسدہ کی تاجر برادری نے اسرائیلی مصنوعات سے مکمل بائیکاٹ کی حمایت کا اعلان کر کے اسرائیلی منصوعات فروخت نہ کرنے کا عزم کیا اور بازار سے اسرائیلی منصوعات کے خاتمہ کے لیے جلد لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔

 اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ اسرائیلی منصوعات کا مکمل بائیکاٹ کرکے بائیکاٹ مہم کو کامیاب کرنے میں حصہ لیکر اہلیان فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ثبوت دیں۔

اجلاس میں حاجی صدیق اللہ وائس چیئرمین انجمن تاجران کے پی، افتحار حسین صدر تاجر اتحاد ضلع چارسدہ اورحبیب اللہ ، شیراز خان جی ایس متحدہ شاپ کیپر ضلع چارسدہ سمیت  دیگر افراد نے شرکت کی۔