پاک چین دوستی اور چائنہ کا مختلف شعبہ جات میں تعاون مثالی ہے؛وفاقی وزیر ڈاکٹر کوثر عبداللہ

12

فیصل آباد،09نومبر(اے پی پی):وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اور چائنہ کا مختلف شعبہ جات میں تعاون مثالی ہے، زرعی یونیورسٹی کا چین کیساتھ سٹوڈنٹ ایکسچینج معاہدہ خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں صوبائی وزیرزراعت پنجاب ایس ایم تنویر کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز آڈیٹوریم میں چائنہ پاکستان زرعی فورم میں کیا۔

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا کہ پاک چین دوستی اور مختلف شعبہ جات میں تعاون مثالی ہے جبکہ زرعی یونیورسٹی کا چین کے ساتھ سٹوڈنٹ ایکسچینج معاہدہ بھی انتہائی خوش آئند ہے جس سے ایک دوسرے کے تجربات، مہارتوں، جدید ٹیکنالوجی، عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق اور زراعت سمیت دیگر شعبہ جات کی ترقی کے عوامل کو سمجھنے اور ان سے استفادہ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ  گندم بڑھاؤ مہم سے امید ہے کہ گندم کی اگلی پیداوار بڑھے گی۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ ہم تمام فصلوں کی پیداوار بڑھانے پر کام کررہے ہیں تاکہ ہم نہ صرف زرعی ملک ہونے کے ناطے اپنی پیداوار بڑھاتے ہوئے ملکی غذائی اجناس کی ضروریات کو پورا کرسکیں بلکہ ہر سال اربوں روپے کے ککنگ آئل، دالوں اور دیگر اجناس کی درآمد روک کر اربوں ڈالر سالانہ کا زرمبادلہ بھی بچاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ماہرین کی کمی نہیں لیکن ان سے استفادہ حاصل نہیں کیا گیاحالانکہ اللہ پاک نے ہمیں ہر طرح کے موسموں سے نوازا اور ہمارے پاس دنیا کا بہترین نہری نظام اور باصلاحیت کسان بھی موجود ہے مگر ماضی میں اس سے اس طرح استفادہ نہیں کیا گیا جس طرح ضرورت تھی اور اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہمیں ککنگ آئل سمیت دیگر غذائی اجناس باہر سے ڈالرز میں درآمد کرنا پڑتی ہیں اور آئے روز ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا کہ حکومت نے اپنے زرعی سائنسدانوں اور ماہرین زراعت سے گزارش کی ہے کہ وہ دن رات ایک کرکے غذائی اجناس کی ایسی نئی اقسام تیار کریں جو کم خرچ بالا نشیں، موسمی تغیرات اور کیڑے مکوڑوں سمیت مختلف بیماریوں کا مقابلہ کرنے سمیت کم پانی کے استعمال سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

صوبائی وزیر زراعت پنجاب ایس ایم تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر قیادت ستمبر میں چین کا دورہ کیا تھاجہاں انہوں نے ایگریکلچر سمیت مختلف شعبہ جات میں چین کیساتھ تعاون کے مختلف معاہدے کئے ہیں جن کے بہت جلد مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امسال پنجاب میں 1کروڑ60 لاکھ ایکڑ رقبہ کو گندم کے زیر کاشت لایا جا رہا ہے جبکہ صوبائی حکومت نے کاشتکاروں میں گندم کے تصدیق شدہ بیج کے تھیلے مفت تقسیم کئے ہیں اورحکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار روپے فی 40 کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے لہٰذاکاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کرکے بھرپور منافع کمائیں۔

نگران صوبائی وزیرزراعت نے کہا کہ حکومت گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا فارمر آؤٹ ریچ پروگرام کاشتکاروں کی فنی معاونت کر رہا ہے جس کے بہترین نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

اس موقع پروائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمدخان،چائنیز پارٹی سیکرٹری ڈاکٹر چینگ، ریسرچ سنٹرز، ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی سمیت ملک بھر سے زرعی ماہرین،اساتذہ، محکمہ زراعت کے افسران اور طلبانے بڑی تعداد میں شرکت کی۔