ملتان، 09 نومبر(اے پی پی): عالمی یوم شہری منصوبہ بندی کے موقع پرڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے زاہد اکرام کی زیرصدارت ایم ڈی اے ہیڈ آفس میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تعمیر وترقی میں ٹاؤن پلاننرز کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے، قابل اور محنتی ٹاؤن پلاننرز کی ملتان ترقیاتی ادارہ میں موجودگی ملتان شہر کے لیے قابل فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شہروں کے تمام تر مسائل کا حل جامع پلاننگ اور اس کی عملداری میں ہے، ٹاؤن پلاننرز جس شہر میں کام کر رہےہیں اس کا معیار زندگی ایسے شہروں سے کہیں بہتر ہے جہاں ٹاؤن پلاننرز دستیاب نہیں ہیں۔
ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے کہا کہ ٹاؤن پلاننرز جدید تعلیمی تقاضوں پر پورا اترتے ہوئے اپنے آپ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس رکھیں ، ادارے اور شہر ملتان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈی اے کے ریٹائرڈ ٹاؤن پلاننرز نوجوان ٹاؤن پلاننرز کے ساتھ ٹریننگ سیشن رکھیں اور ان کی رہنمائی کریں۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ عام عوام میں پلاننگ کی اہمیت اور ٹاؤن پلاننگ کے قوانین کی عملداری کے فوائد پر مہم چلائی جائے اور ایسی تقاریب کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
تقریب میں ایم ڈی اے میں خدمات انجامِ دینے والے 16 ٹاؤن پلاننرز جس میں ڈائریکٹر اربن پلاننگ قسور عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ عنائیزہ حرا، محسن رضا، خواجہ وقاص احمد آفاق احمد، راشد محمود، محمد اشرف و تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ، ایم ڈی اے سے ریٹائرڈ ڈائیریکٹر ٹاؤن پلاننگ جناب سعد کوثر، چوہدری عبد الغفار ، چوہدری خالد جاوید ، سٹی پلس کنسلٹنسی سے ٹاؤن پلاننرز ڈاکٹر خدیجہ وکیل ، پلاننگ ان کنسلٹنسی کے سی این او پلانر سلیمان کھوسہ، حبیب رفیق کنسلٹنسی سے پلانر علی حسن اور پلانر پلانر محمد اظہر نے شرکت کی
تقریب میں تمام شرکاء نے عالمی یوم شہری منصوبہ بندی کی مناسبت سے اظہار خیال کیا اور شہروں کے مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو کی۔ پلانر سلیمان کھوسہ کی جانب سے اربن پلاننگ کی اہمیت پر خصوصی وڈیو پیش کی گئی۔ سینئر ٹاؤن پلاننرز کی جانب سے ادارے اور شہر کی بہتری کے لیے متعدد تجاویز پیش کی گئیں ۔تقریب کے اختتام پرعالمی یوم شہری منصوبہ بندی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔