ملتان،09 نومبر (اے پی پی):گورنرپنجاب انجینئربلیغ الرحمن نے کہاہے کہ طلباءہمارا مستقبل اور امید ہیں۔ ہیومن ریسورس پرخرچ کرناایسا ہی ہے جیساکسی ہیرے کوتراشناہے، تعلیمی ادارے طلباءکو نکھارنے میں کردارادا کررہے ہیں، آج کے دور میں تحقیق کی بہت اہمیت ہے اورہمیں تحقیق کو کمرشلائز کرنے کی اشدضرورت ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ شاعر مشرق علامہ اقبال ایک مفکر اورفلاسفر تھے ،ان کے افکار کی روشنی میں نوجوان نسل کو آگے بڑھنا چاہیے ۔ نوجوانوں کو سیاست میں حصہ لینا چاہیے ،ہمیں کسی کی جذباتی باتوں میں نہیں آناچاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پرپھیلائی جانےوالی خبروں کی پہلے تصدیق کرنا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں انتشار سے بچا جاسکے،آپس میں نفرتیں پیدا کرنے کی بجائے ہمیں محبتوں کوفروغ دیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ طلباءکو تمام سیاسی جماعتوں کے کاموں کی موازنہ کرکے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے،مسلم لیگ(ن)نے تعلیم کے فروغ کے لئے 2013 سے 2018 تک ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی فنڈنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ۔
انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاکہ جب کسی طالب علم کی کیپسٹی بلڈنگ ہوتی ہے تو اس کے خاندان، ملک اور انسانیت کی بہتری ہو تی ہے، تعلیم کے ساتھ تربیت بھی آپ کو آگے لیکر جائے گی، آپ کو اچھی تربیت کا مظاہرہ کر ناہے،آپ نے ادب اور اخلاق کا مظاہرہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی مصنوعات کی بہت بڑی مارکیٹ ہے،پاکستان میں گزشتہ سال اربوں روپے کی گندم پیدا ہوئی ہے۔رواں سال بھی کاشتکاربڑے پیمانے پرگندم کاشت کررہے ہیں۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی کا مشن طلباءکوبہترین تعلیم وتربیت فراہم کرکے انہیں ترقی کی راہ گامزن کرناہے،طلبہ وطالبات کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15 سال میں یونیورسٹی کو ایک ورلڈ کلاس یونیورسٹی بنانے کا مشن بنایا ہے، نالج بیس اکانومی پر عمل کر رہے ہیں۔