لاہور،9نومبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پاکستان میں پہلی بار مذہبی سیاحت پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیاہے ،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے“سکھ یاترابکنگ پورٹل” کا افتتاح کر دیا،“سکھ یاترابکنگ پورٹل” کے ذریعے دنیا بھر سے سکھ یاتری آن لائن ہوٹل بکنگ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
“سکھ یاترابکنگ پورٹل” کے ذریعے آمدورفت کے لئے گاڑی کا انتخاب بھی کیا جا سکے گا، سکیورٹی سروسز ہائر کرنا ممکن ہو گا،ٹورز کے دوران سکھ یاتریوں کو وی آئی پی کا درجہ حاصل ہو گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی بھرپو رمہمان نوازی کی جائے گی،یاتریوں کو پاکستان آنے پرکوئی دشوار ی نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مذہبی سیاخت کے فروغ کے لئے ٹورازم پولیس بھی قائم کی جائے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و سیاحت عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹریزٹورازم،اطلاعات،کمشنر لاہور،سی سی پی او،ایم ڈی ٹی ڈی سی پی،جی ایم ٹی ڈی سی پی اورایڈیشنل سیکرٹری وقف املاک بورڈ سمیت سکھ برادری کی ممتاز شخصیات چیئرمین پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ،ڈاکٹرممبال سنگھ،گوپال سنگھ چاؤلہ،سردار رنجیت سنگھ،سردار سربیت سنگھ،جنم سنگھ، کلیان سنگھ کلیان،مہندر سنگھ،سردار بشان سنگھ اورسردارگوبند سنگھ نے پورٹل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔