نارووال؛ ڈپٹی کمشنر کی زگ زیگ ٹیکنالوجی کی چیکنگ کے حوالے سےبھٹہ جات کی انسپیکشنز

9

 

نارووال،12 نومبر(اےپی پی):ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضانے اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات محمداشرف کے ہمراہ انسدادسموگ کےسلسلہ میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کی چیکنگ کے حوالے سےبھٹہ جات کی انسپیکشنز کی ۔ڈی آئی اواحسان الحق چوہدری،انسپکٹراحمدیاراورمحمدنویداس موقع پرموجودتھے۔

ڈپٹی  کمشنر نے بجلی گھرپسرورروڈپرمختلف بھٹوں پرزگ زیگ ٹیکنالوجی کامعائنہ کیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات نے ڈپٹی کمشنر کواس دوران زگ زیگ ٹیکنالوجی اورمحکمہ ماحولیات کی طرف سے اس سلسلہ میں کیے جانے والے اقدامات کے بارےبریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنرنےاس موقع پرکہاکہ بڑھتی ہوئی سموگ انسانی صحت کے لیے مضرہونے کے ساتھ ساتھ ماحول کوبری طرح متاثرکررہی ہے جس کے منفی اثرات پیداہورہے ہیں،لہذا کسی بھی شخص کو جان لیوااقدامات کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔انہوں نے کہا کہ سموگ مخالف کے حوالے سے پنجاب حکومت کی واضح پالیسی پرعمل درآمدان کی اولین ترجیح ہے اوراس پرسوفیصدعمل درآمدکویقینی بنایاجائے گا۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضاکی ہدایت پر اے ڈی سی جی نارووال حافظ عرفان حمیدکی زیرصدارت انسدادسموگ کے حوالے سے اجلاس کاانعقاد ہوا،اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات محمداشرف،ڈی ڈی زراعت تنویراحمدتتلہ،سیکرٹری آرٹی اے مریم خاں،سی اومیونسپل کمیٹیزسردارعلی،نصیراحمد،ٹریفک انسپکٹرمحمدعدیل،انسپکٹرماحولیات حمدیارودیگرنے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں اے ڈی ماحولیات محمداشرف نےاے ڈی سی جی نارووال کوضلع بھرمیں  انسدادسموگ کےحوالے سے بھٹہ جات پرزگ زیگ ٹیکنالوجی پرعمل درآمدکےساتھ ساتھ دیگرکیے جانے والے اقدامات کے بارے تفصیل سےبریفنگ دی۔

اے ڈی سی جی نارووال نےکہاکہ پنجاب حکومت کےاحکامات کی روشنی میں سموگ کی روک تھام کے لیے ماحولیاتی پالیسی کے تحت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اورصحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں اینٹی سموگ سکوارڈ فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف متحرک انداز میں کام کر رہا ہے اور دھواں چھوڑنے والے بھٹہ خشت ، انڈسٹریل یونٹس، فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں اور دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو تحویل میں لیکر بند کرنے سمیت عوامی آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضانے نے اس حوالے سےعوام الناس سے التماس کرتے ہوئےکہا ہےکہ سموگ کی روک تھام کے لیے سموگ کا باعث بننے والے ہر عنصر کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی معاونت کریں کیونکہ کوئی بھی مہم عوامی تعاون کے بغیر مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتی ۔