میڈیا نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا، صحافی حضرات عوام تک معلومات پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں، صحافیوں کو جدید طرز پر تربیت فراہم کریں گے؛ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات

7

 

لاہور،12نومبر  (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ میڈیا نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا، صحافی حضرات عوام تک معلومات پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں، صحافیوں کو جدید طرز پر تربیت فراہم کریں گے۔

وہ اتوار کی شام مقامی ہوٹل میں آل پروفیشنل نیوز پرسن الائنس ” اپنا      ”کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں ”اپنا” کے مرکزی صدرمیاں غفار، مرکزی سیکرٹری جنرل مزمل سہروردی، صدر سندھ فیاض حسین، صدر پنجاب شہباز خان، صدر کے پی کے ملک جاوید، خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری مقدس ملک، شاہد صدیق، نجم قدیر، شہباز احمد خان و دیگر عہدیداران اور صحافیوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

 نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کے لئے صحافی آنکھیں اور کان ہوتے ہیں، صحافت عوام کے جاننے کے حق کے لیے لڑنے کا نام ہے، وہ تمام معلومات جو لوگوں کے لیے جاننا ضروری ہیں وہ لوگوں تک پہنچانا صحافی کا کام ہوتا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ صحافت جس تیزی کے ساتھ تبدیل ہو رہی ہے  اس کے ساتھ مستقبل قریب اور مستقبل بعید کا جو نقشہ ہے وہ خاصا تبدیل ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں اخبارات ہی معلومات کا ذریعہ تھے، میرے براڈ کاسٹنگ کیریئر کی ابتدا بھی اخبار پڑھنے سے ہوئی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا دور ہے، صحافیوں کو جدید طرز پر تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی انشورنس کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ ہمیں میڈیا میں بہت سی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر سندھ سے آئے ہوئے صحافیوں نے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کو اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔