لاہور13نومبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا ۔اجلاس میں کاربن کریڈٹس کے حصول کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔شجرکاری کا فروغ اور قیمتی زرمبادلہ کیلئے حکومت پنجاب کا اہم اقدام، کاربن کریڈٹس کیلئے جامع پلان طلب کر لیا گیا۔اجلاس میں کاربن کریڈٹس کے حصول کے لئے اچھی ساکھ کی حامل کنسلٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔اجلاس کو بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ ویسٹ،ٹرانسپورٹ، انرجی، انڈسٹریز، لینڈ یوز،سمیت 10سیکٹرز سے کاربن کریڈٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ جنگلات کے تحفظ اورماحولیاتی آلودگی کے اسباب دور کرنے سے کاربن کریڈٹس حاصل ہوتے ہیں۔ زیادہ کاربن خارج کرنے والے ممالک دیگر ملکوں میں شجرکاری اورتحفظ ماحولیات کیلئے سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ کاربن کے اخراج کو کنٹرول کرکے آکسیجن پیدا کرنے پرمخصوص طریقہ کار کے مطابق کریڈٹس دئیے جاتے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کاربن خارج کرنے والے ممالک کریڈٹ حاصل کرنے کے لئے دوسرے ملکوں کو ادائیگی کرتے ہیں۔والینٹیر کاربن مارکیٹ کے ذریعے کاربن کریڈٹس بیچے اور خریدے جاتے ہیں۔صوبائی وزراء، عامرمیر، ابراہیم حسن مراد، سیکرٹریز جنگلات،خزانہ،انڈسٹریزاورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔