کوئٹہ 14نومبر(اے پی پی):نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے صوبائی وزیر خزانہ و ریونیو امجد رشید کی سربراہی میں نیو ٹیگ اور بلوچستان کے پیشہ ورانہ فنی تعلیم کے اداروں کے سربراہان نے ملاقات کی اور بلوچستان میں وفاقی حکومت اور نیو ٹیگ کی معاونت سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نیو ٹیگ کے تعاون سے بلوچستان کے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ پیشہ ورانہ فنی تعلیم کے اداروں میں سینٹر آف ایکسیلینس قائم کریں گے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب و متحدہ عرب امارات میں اسکلڈ لیبر فورس کی سرٹیفیکیشن کے لئے بلوچستان کے عوام کو کراچی اور دور دراز شہروں میں جانا پڑتا ہے ان مشکلات کے ازالے کے لئے بلوچستان میں پانچ مراکز قائم ہوں گے جن میں سرٹیفیکیشن کی یہ سہولت مقامی سطح پر ہوگی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں مائننگ، فشریز، انڈسٹریز سمیت دیگر شعبوں میں تربیتی پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور ان شعبوں کے متعلقہ زمہ داران سے طلب کے مطابق تربیتی پروگرامز تشکیل دئیے جائیں گے,اس موقع پر نیو ٹیگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے بتایا کہ مختلف ٹریڈز کے تربیتی پروگرامز میں بلوچستان کہ سیٹوں کا کوٹہ 4500 سے بڑھا کر دس ہزار کردیا گیا ہے جبکہ نجی شعبے میں تربیتی اداروں کو پابند کیا جاررہا ہے کہ وہ مقامی سطح پر سرٹیفیکیشن کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل سرے کو بھی یقینی بنائیں، قبل ازیں نگران صوبائی وزیر خزانہ و ریونیو امجد رشید نے بتایا کہ نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی خصوصی ہدایت اور دلچسپی پر بلوچستان کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ فنی تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جاررہے ہیں تاکہ بلوچستان کے نوجوان بھی دیگر ممالک میں جاکر نہ صرف مالی استحکام حاصل کرسکیں بلکہ زر مبادلہ پاکستان بھیج کر ملک کی معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کو سوئنر پیش کیا۔











