پشاور؛ بزنس کمیونٹی اور خیبرپختونخوا کے عوام کی بلاامتیاز و شاندار خدمات پر گورنر حاجی غلام علی کی رسم تاجپوشی

29

 

پشاور، 15نومبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی ملک بھر بالخصوص صوبہ بھر کی بزنس کمیونٹی، صوبے کے چیمبرز، پشاور شہر کی تاریخی و تعمیری ترقی اور پشاور شہر کے عوام کی 40 سالہ بے لوث خدمت کے اعتراف میں ان کی تاجپوشی کی ایک پروقار تقریب گزشتہ شب پشاور کے ایک مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صوبہ کی بزنس کمیونٹی، تاجر تنظیموں، آرٹسٹ، اقلیتی برادری سمیت تمام مکاتب فکر نے متفقہ طور پر ان کی تاج پوشی کی اور گورنر حاجی غلام علی کو بطور گورنر اور بحیثیت کونسلر، ناظم، سینیٹر، صدر فیڈریشن پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری،51 ملکوں پر مشتمل اسلامی چیمبرز آف کامرس اور 8 ملکوں پر مشتمل سارک چیمبرز شاندار خدمات پر تاج پہنایا گیا۔

تاجپوشی تقریب میں میئرپشاور حاجی زبیرعلی، سابق نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل، صدر مردان چیمبرآف کامرس طاہر شاہ، صدر سوات چیمبرآف کامرس راحت علی خان، صدر ایبٹ آباد چیمبرعبدالرشید، صدر نوشہرہ چیمبر زرعالم خان، چیئرمین اے پی سی ای اے منہاج باچا، معمور خان، صدر باجوڑ چیمبر آف کامرس حاجی لعلی شاہ، صدر بزنس کمیونٹی خیبرپختونخوا ملک مہر الہی، چیئرمین انجمن تاجران شوکت علی،حاجی جلیل جان، پشاور سمیت صوبہ بھر کی منتخب بلدیاتی نمائندوں سمیت بزنس کمیونٹی، مختلف چیمبرز کے صدور، ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں، فنکار اور کثیرتعداد میں عوام نے شرکت کی۔

 گلبہار پشاور میں تاج پوشی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے ملک مہرالٰہی، سیدصفدر زمان شاہ، شوکت علی،ریاض خٹک اور صوبہ کے دیگر چیمبرکے صدور، بزنس کمیونٹی کے مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے صوبہ اور بالخصوص ملک بھر کی بزنس کمیونٹی، چیمبرز اور پشاور کی تعمیروترقی پر ان کے شاندار خدمات کو نہ صرف خراج تحسین پیش کرتے ہیں بلکہ پشاور کے عوام آج بھی ان کو فرزند پشاور سمجھتے ہیں، جو خدمات انہوں نے انجام دیں وہ نہ صرف ان کے لئے بلکہ ہم سب کیلئے فخر کا باعث ہیں اور اب ان کا برخوردار میئر پشاور حاجی زبیرعلی کوانہی کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے پشاور کے غیور عوام نے بھاری اکثریت سے منتخب کیا اور وہ بھی والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پشاور کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

قلیل مدت میں انہوں نے ترقیاتی کام کئے جس کی مثال نہیں ملتی ہم سب ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آج گورنر اوران کا برخوردار پشاور کے عوام انہیں اپنا بیٹا، بھائی، بزرگ سمجھتے ہیں، امید ہے خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور صوبہ بھر کی تاجر تنظیموں اور پشاور کے عوام سے ان کا رشتہ مضبوط ہوتارہے گا۔ تقریب سے میئر پشاور حاجی زبیر علی نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر گورنر نے کہاکہ پشاور کو اپنا گھر سمجھتا ہوں اس کی ترقی اپنا فرض سمجھا، پشاور کے عوام، بزنس کمیونٹی اور صوبہ بھر کی تاجربرادری، چیمبرز نے ہماری حوصلہ افزائی کی اور یہی وجہ ہے کہ ان کے خلوص، محبت نے ہمیں طاقت وقوت عطاءکی اور ہم نے اس شہر پشاور کی تاریخی خدمت کی جس کا سہرا میرا نہیں بلکہ اہلیان پشاور کے سر ہے جنہوں نے ہمیں ہر وقت عزت دی اور میرے برخوردار کو بھی میئر پشاور منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاج جو مجھے آج پہنایاگیا یہ صوبہ بھر، پشاور کی تاجربرادری اور پشاور کے عوام کا ہے اور انشاء اللہ میں اور میرا برخوردار اور پورا خاندان خدمت کاسلسلہ جاری رکھے گا، سب سے بڑا رشتہ ہماراآپس کا خلوص اور محبت ہے، اہلیان پشاور اور تاجر برادری نے خلوص نیت سے عزت بخشی اور تعاون کیا۔ گورنر نے کہاکہ ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے امپورٹڈ اشیاءسے کچھ عرصہ پرہیز کرنا ہو گا، ملکی معیشت مستحکم کرنے کیلئے اپنے وسائل پر توجہ دینا ہو گی،صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے تمام مشکلات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

بانی و چیئرمین الپشاور ی ایسوسی ایشن سہیل اسد اوردیگر آرٹسٹوں نے کہاکہ گورنر حاجی غلام علی نے عوام کی خدمت کے ساتھ آرٹسٹس کی خدمت میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ہمارے ساتھ رہے۔ انہوں نے کہاکہ حاجی غلام علی کو خدانے وہ صلاحیت دی کہ وہ جس کے ساتھ جائے وہ کہتاہے کہ یہ میرا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تاج پوشی پر ہر کوئی ان کو اپنا نمائندہ سمجھتاہے۔ بانی و چیئرمین الپشاور ی ایسوسی ایشن سہیل اسد نے گورنر کو اس موقع مبارکباد بھی پیش کیں اور صوبہ کی بزنس کمیونٹی، چیمبرز کے صدور، تاجربرادری، ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں اور عوام کی کثیرتعداد میں شرکت پر خوشی کا اظہارکیا۔