اوکاڑہ،15نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، عوامی خدمت کے عمل کو فروغ دیتے ہوئے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا رہے ہیں،علاقائی سطح پرکھلی کچہریوں کا انعقاد اس سلسلہ کی اہم کڑی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینال ریسٹ ہاوس دیپالپور میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر سائلین کی درخواستوں پر عمل درآمد کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔
کھلی کچہری میں سائلین نے محکمہ ریونیو، واپڈا، سپورٹس، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، زراعت، ضلع کونسل، لینڈ ریکارڈ،محکمہ انہار، لوکل گورنمنٹ،میونسپل کمیٹی،محکمہ تعلیم،محکمہ صحت اور پولیس حکام سے متعلق مسائل بارے درخواستیں جمع کروائیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے سائلین کی درخواستوں پر فوری عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سائلین کے مسائل کے حل کے لیے پیش رفت بارے بھی آگاہ کیا جائے، انہوں نے اجتماعی مسائل کے حل کے لیے انسداد سموگ مہم کے لیے اقدامات پر عملدرآمد، کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فراہمی اور مراکز صحت اور تحصیل ہیڈ کو ارٹر ہسپتال میں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی دستیابی کے لیے بھی ہدایات جاری کیں ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمدذیشان حنیف نے کہا کہ حویلی لکھا، بصیرپور، حجرہ شاہ مقیم میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ علاقائی سطح پر عوامی مسائل حل کرتے ہوئے لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر مجاہد ظفرمیکن،چیف ایگزیکٹیوآفیسر ہیلتھ ڈاکٹرسیف اللہ وڑائچ،چیف آفیسر ضلع کونسل رانا نوید، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اعجاز،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد عرفان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔