صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت اجلاس،پاکستان منرلز اینڈ مائنز ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

26

 

لاہور،15 نومبر ( اے پی پی ): صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس دوران  پاکستان منرلز اینڈ مائنز ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مستقبل کے ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد  ،  ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے دوران درپیش رکاوٹوں  اور کان کنی کے کاموں کے لیے پی ایم ڈی سی کے ورکنگ طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پی ایم ڈی سی کے مزید ترقیاتی پروگرام کا موازنہ کیا گیا اور پی ایم ڈی سی کے نئے راک سالٹ پروسیسنگ یونٹس کی تنصیب کا تفصیلی منصوبہ زیر بحث آیا، راک سالٹ مائننگ میں دلچسپی رکھنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، پاکستان منرلز اینڈ مائنز ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے نمائندے نے صوبائی وزیر کو مستقبل کے اقدامات بارے بتایا۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نئی کانوں میں مکمل طور پر مشینی کان کنی کو اپنایا جائے گا،موجودہ کانوں کو آہستہ آہستہ اور بتدریج میکانائزیشن کی طرف منتقل کیا جائے گا۔  آئی ایس او 22001کے تحت 0.4 ملین ٹن خوردنی نمک برآمد کیا جائے گا۔برآمد کے لیے حب سالٹ پاکستان اور میرکل سالٹ یو ایس اے کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

  بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ صنعتی نمک میں اضافہ سیفائر کے نئے سوڈا ایش پلانٹ کی ضروریات کو پورا کرے گا۔ نگران صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے پی ایم ڈی سی کے اقدامات کو کو سراہا اور مستقبل کے اہداف کے حصول میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ بابر امان بابر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔