ملتان؛ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شہر کی صفائی کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرنیکا حکم دیا ہے ، ڈی سی کیپٹن(ر)رضوان

25

ملتان ،16 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) رضوان نے کہا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شہر کی صفائی کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کمپنی انتظامیہ جامع پلان تشکیل دے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ طویل عرصے سے مشینری اور افرادی قوت کو صفائی سسٹم میں شامل نہ کرنے سے شہر میں صفائی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پلیٹ فارم سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو مشینری اور افرادی قوت مکمل کرکے قدموں پر کھڑا کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آفس کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کمپنی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو صفائی صورتحال اور انتظامات معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بورڈ ڈائریکٹرز میاں شیخ حسن طارق ،سمیع اللہ خان اور سی ای او شاہد یعقوب بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن )ریٹائرڈ )رضوان قدیر نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو صفائی صورتحال بہتر کرنے کیلئے مکمل معاونت فراہم کرینگے۔کمپنی انتظامیہ نئے کنٹینرز اور ٹائرز سمیت مشینری کے حصول کیلئے اقدامات تیز کرے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یونین کونسل سطح پر صفائی نظام مثالی بنانے کیلئے عملے کو فیلڈ میں نکالیں اور شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے کوڑا کرکٹ اور ملبہ جات کی صفائی کو ترجیح دی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ماہانہ بنیادوں پر کمپنی بورڈ اور انتطامیہ کی کارکردگی کا آڈٹ کرینگے۔