بچوں کی بہترین تربیت کرنا والدین، اساتذہ اور معاشرے کا فرض ہے،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

38

 لاہور، 16نومبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں قائم گورنمنٹ بوائز ہائی سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے بچوں اور بچیوں میں مفت یونیفارمز اور سکول بیگز کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں بیگم گورنر عائشہ بلیغ، معروف صنعتکار ، چیئرمین رومی فاونڈیشن، جلال الدین رومی، پرنسپل بوائز ہائی سکول ، پرنسپل گرلز ہائی سکول، نجم رومی ، اساتذہ اور طلباوطالبات موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہمارے مذہب میں علم سیکھناہر مرد و عورت پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قرآن پاک نازل کیا گیا تو پہلی آیت اقرا تھی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ تربیت کا پہلو بہت اہم ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بچوں کی بہترین تربیت کرنا والدین، اساتذہ اور معاشرے کا فرض ہے ۔انہوں نے کہا کہ سچ بولنا ، ایک دوسرے کا احساس کرنا، معاشرتی قدروں کو آگے بڑھانا اور ایک دوسرے کی بہتری چاہنا جیسے رویے حسن معاشرت کی بنیاد ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیکھنے کا عمل ساری زندگی جاری رہنا چاہیئے۔انہوں نے طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ والدین روحانی ماں باپ کا درجہ رکھتے ہیں ان کی عزت و احترام کریں۔ گورنر پنجاب نے رومی فاونڈیشن کی طرف سے بوائز اور گرلز سکولز میں ٹاپ تھری بچوں اور بچیوں کو میرٹ پر سکالرشپس دینے کے اعلان کو سراہا۔

 چیئرمین رومی فاونڈیشن، جلال الدین رومی نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹاپ تھری طلباوطالبات کی اعلی تعلیم کے اخراجات رومی فائونڈیشن برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رومی فانڈیشن بچوں اور بچیوں میں سال میں دو دفعہ یونیفارم، سکول بیگز اور جوتے تقسیم کرے گی۔اس موقع پرگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے رومی فائونڈیشن کی جانب سے بچوں میں مفت یونیفارمز اور سکول بیگز تقسیم کیے۔