ٹنڈو محمد خان ،17 نومبر( اے پی پی ): ٹنڈومحمدخان پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن ،لاکھوں روپے مالیت کی 6 سو کلو گرام منشیات کی سمگلنگ ناکام بنانے کا پولیس کا دعویٰ، ایک ملزم گرفتار، دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایک چنگان گاڑی تحویل میں لے لی۔
ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان سید سلیم شاہ کے پی آر او ممتاز خاصخیلی نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سٹی پولیس اسٹیشن ٹنڈومحمدخان کے ایس ایچ او عبدالعزیز کھوسو اور سی آئی اے انچارج انیل کمار نےپاندی واہ کے قریب چیکنگ کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی مین پوڑی بنانے کا خام مال جس میں 40 کلو چھالیہ، 25 کلو کتھا، تمباکو، زعفران پتی، عزیز پتی، رجنی پتی سمیت 6 سو کلو گرام منشیات برآمد کرتے ہوئے ایک عدد چنگان گاڑی اپنی تحویل میں لے لی۔
دوران کارروائی ایک ملزم محمد عرس ولد محمد ملاح کو گرفتار کرلیا جبکہ دو ملزم عارف دستی اور غلام محمد جت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔











