صحافی معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے کےلیے اپنا کردار ادا کریں،نگران صوبائی وزیر تعلیممنصور قادر

62

ساہیوال، 19 نومبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر تعلیم پنجاب منصور قادر نے کہا کہ صحافی معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے کےلیے اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ساہیوال پریس کلب رجسٹرڈ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی ۔ انہوں نے صدر رانا جاوید نثار کی خصوصی دعوت پر دورہ کیا اور پریس کلب کے کیفے ٹیریا کا افتتاح کیا ۔

نگران صوبائی وزیر تعلیم نے رانا جاوید نثار صدر پریس کلب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نگران وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی بھی صحافی برادری سے تعلق رکھتے ہیں جو صحافیوں کی بہتری کےلیے کام کر رہے ہیں  صحافیوں کو چاہیے کہ معاشرے میں برداشت قائم کریں ہماری کوشش ہے کہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں،  صحافی معاشرے کے آنکھ اور کان ہیں،مثبت تعمیری کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سکولوں کو پرائیویٹ کرنے کا کوئی پلان نہی ہے صرف لاہور میں چند سکول ایک پرائیویٹ ادارے کو دئیے ہیں لیکن وہاں کے سکول اور ٹیچر ہمارے ہیں، ہمارا کام ہے کہ سرکاری سکولوں کو بہتر کریں نظام تعلیم بھی بہتر کریں اور کہا کہ  ہم چاہتے ہیں کہ سرکاری سکولوں میں بھی ویسی ہی تعلیم ملے جیسے پرائیویٹ سکولوں میں ملتی ہے ۔ انہوں نے ساہیوال میں بھی دانش سکول کے قیام کا عندیہ دے دیا۔

 انہیں پریس کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔ اس موقع پر سینئر ممبر سپریم کونسل عزیزالحق گورائیہ، سینئر نائب صدر پریس کلب میاں وسیم ریاض ، نائب صدر نوید غنی ، جوائنٹ سیکرٹری مرزا خالد ندیم ، انفارمیشن سیکرٹری سلیم کاٹھیا ، سینئر صحافی جاوید شوکت وینس، حافظ راشد حسین کمبوہ،  فنانس سیکرٹری پریس کلب شاہد رفیق ، ایگزیکٹو ممبر رضوان طاہر ، سردار اقبال، راحیل آزاد، فیاض ربانی سمیت دیگر ممبران پریس کلب و صحافی برادری سمیت دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔