کراچی، 20 نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امورو و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ حکومت عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ شہریوں کو مذہبی رسومات اور عبادات کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے،ملک میں پہلی بار نہ صرف حج اخراجات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے بلکہ وزارت حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں حج 2024 کے حج پورٹل کے حوالے سے بینکرز ٹریننگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حج اخراجات گزشتہ سال کے 11لاکھ 75ہزار روپے سے کم ہو کر اس سال 10 لاکھ 75ہزار روپے رہ گئے ہیں جبکہ فضائی کرایوں میں کمی کے لیے ایئر لائنز سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی ٹکٹ میں کٹوتی کی صورت میں متعلقہ رقم حجاج کرام کے کھاتوں میں منتقل کر دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال متعارف کرائی جانے والی ایک اور اختراعی سہولت حجاج کے لیے ایک ایپ کا اجراء ہے جو حجاج کرام کو حج کی درخواست داخل کرنے سے لے کر حجاز مقدس سے واپسی تک اپ ڈیٹ فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ’روڈ ٹو مکہ’ پروگرام، سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کو فراہم کی جانے والی ایک سہولت ہے جوپہلے صرف اسلام آباد تک محدود تھی لیکن اس سال اسے کراچی ایئرپورٹ تک بھی بڑھا دیا جائے گا اور حجاج کرام کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اس کو ملک کے دیگر ایئرپورٹس تک توسیع دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال ہونے والی ایک اور مثبت پیشرفت پاکستانی حجاج کو اولڈ منیٰ کے علاقے میں جگہ کی فراہمی ہے جبکہ انہیں جدید ترین بسوں کے مخصوص بیڑے کے ذریعے آنے جانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔وزارت ہر حاجی کو کیو آر کوڈ کے نشان والے سوٹ کیس اور دیگر اشیاء فراہم کرے گی جبکہ خواتین حجاج کو پاکستانی پرچم کے ساتھ خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ ہیڈ اسکارف دیئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے عازمین حج کو ہر سال خصوصی خدمات فراہم کرنے میں بینکنگ سیکٹر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینکوں نے ہمیشہ خدمات کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر حج درخواستوں کے عمل میں حکومت کو مدد فراہم کی ہے۔
جنرل منیجر بزنس ایچ بی ایل راجہ سہیل سراج نے کہا کہ اس سال حج کا عمل منظم اور ہموار طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک حکام بھی حجاج کرام کی دعائیں حاصل کرنا چاہتے ہیں اور وہ عازمین حج کی بہترین خدمات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔اس موقع پر تربیتی ورکشاپ کے شرکا ءکو حج درخواستوں اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کے فارمز کے طریقہ کار اور ضروریات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا جبکہ مختلف پہلوؤں سے متعلق شرکا کے سوالات کے جوابات بھی دیئے گئے۔