خانیوال ،20 نومبر (اے پی پی ):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی کھاد مافیا کیخلاف ضلعی انتظامیہ کی زیروٹالرنسی پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی زیرسرپرستی محکمہ زراعت نے مافیا کے خلاف ابتک 10 مقدمات درج کرادیئے جبکہ رواں ماہ کھاد کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو ساڑھے 3 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیاہے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اعتزاز انجم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ٹاسک فورس و ایڈوائزری سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ زراعت ،لائیوسٹاک،واٹر مینجمنٹ، پیسٹ وارننگ کے افسران نے شرکت کی ، کھاد ڈیلرز،پیسٹی سائیڈز کمپنیوں کے نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 4 لاکھ 80 ہزار ایکڑپر گندم کی کاشت کا ہدف ہے، ابتک 4 لاکھ 30 ہزار ایکڑ پر کپاس کی کاشت مکمل کرلی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کی رہنمائی کے لئے فیلڈ میں رہے،ڈیمانڈ کے مطابق کھاد کی سپلائی کے لئے ضلعی انتظامیہ کمپنیوں سے رابطہ میں ہے،انہوں نے کہا کہ کھاد مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔