پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہوگی، وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی,محسن نقوی

35

لاہور20،نومبر:( اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج زیر تعمیربند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورپراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور میگا پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پراجیکٹ کے پیکیج ون کے کوریڈور کے اطراف دیواروں کی تعمیر کے کام کامشاہدہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پیکیج 2 کے کوریڈور کی دیواروں کا کام تیز کرنے کے حوالے سے  پیکیج 2 کے کنٹریکٹر کو ہدایات دیں۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں تیزی  لائی جائے اور مقررہ مدت میں کام کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورکی وجہ سے وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اورکنٹریکٹر زنے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ7.3کلومیٹر طویل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تعمیر 4ماہ میں مکمل کرنے کیلئے دن رات کام ہورہاہے۔پیکیج ون میں نیازی چوک تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور تعمیر کیا جارہاہے۔صوبائی وزراء، عامر میر،اظفر علی ناصر،سیکرٹریز ہاؤسنگ،اطلاعات،سی سی پی او،چیف انجینئر ایل ڈی اے،پراجیکٹ ڈائریکٹر نیسپاک اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔