کوئٹہ،20 نومبر(اے پی پی ): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم اور قونصل جنرل کراچی کونرڈ ٹریبل نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفیر اور قونصل جنرل سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان روایتوں کا امین صوبہ ہے جو سرمایہ کاری کے لیے موزوں خطہ ہے بلوچستان میں امن، تعلیم، خواتین کی معاشی ترقی اور مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں جاری امریکی معاونت کے منصوبے اہمیت کے حامل ہیں، امریکی حکومت اور عوام نے تعلیم خصوصاً گرلز ایجوکیشن کے لئے نمایاں تعاون کیا ہے جبکہ دہشتگردی، جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بلوچستان پولیس کو گاڑیاں، جدید آلات اور ساز و سامان فراہم کیا ہے، پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں میں اضافے کا یہ منصوبہ امن کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے مفید ثابت ہوا ہے، اس کے علاوہ بلوچستان کی خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کاروباری مواقعوں کی فراہمی کا منصوبہ بھی ترقی نسواں کے لئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لئے امریکہ کی کاوشوں کو سراہتا ہے ،پاکستان اور امریکہ کے مابین دیرپا سفارتی اور دفاعی تعلقات استوار ہیں ،پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گااس لئے دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو بڑھانا چاہیے۔
ملاقات میں پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم نے بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات بہتر سمت پر گامزن ہیں اور ہم باہمی عزت و احترام پر مبنی خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں ،اس سے قبل بھی بلوچستان کا دورہ کیا اور ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کو مہمان نواز اور پر خلوص پایا ،اسلام آباد میں بلوچ پارلیمنٹرین سے بھی ملاقات ہوئی اسوقت پاکستان کے دو بڑے کلیدی عہدوں پر بلوچستان کی نمائندگی ہے جو صوبے کی مساوی ترقی کے لئے اہمیت کی حامل ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں امن و فراہمی انصاف کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں اور پائیدار سماجی ترقی ہمارے اہداف کا حصہ ہے، امریکہ اور عالمی اداروں نے سندھ اور بلوچستان میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی کھل کر مدد کی اور متاثرین کی فوری امداد و بحالی کے لئے کردار ادا کیا۔ ملاقات کے اختتام پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور امریکی سفیر و قونصل جنرل کے مابین سونیئر اور تحائف کا بھی تبادلہ ہوا۔