گوجرانوالہ،21 نومبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا پنجاب کابینہ کے ہمراہ فلیگ شپ پراجیکٹ ایکسپریس وےموٹر وےلنک روڈ کا تفصیلی دورے کے دوران مختلف مقامات پر منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور اسفالٹ کے جاری کام کا بھی مشاہدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے لاہور،سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا،انہوں نے15.2 کلومیٹر طویل دو رویہ کیرج وے کے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا،وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ پراجیکٹ کا 65 فیصد کام اور 15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کاتقریباً 100فیصد ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہےجبکہ روڈز کے اسفالٹ کا کام شروع ہے۔ انہوں نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ساتھ ایف ڈبلیو او اور کمشنر گوجرانوالہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے اور کیرج وے کے دونوں اطراف باڑ لگانے کی بجائے حفاظتی دیوار بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کے منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور کا سفر 45 منٹ رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ،15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ کارپٹیڈ سڑک موٹر وے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینظیر چوک سے واہنڈو انٹر چینج تک زیر تعمیر روڈ پر 6پل، 22باکس، 23پائپ کلورٹس،5جانوروں کی گزر گاہیں اور 5سب ویز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ایف ڈبلیو او کے کرنل جمال نے وزیر اعلیٰ کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی، کمشنر گوجرانوالہ اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بھی منصوبے سے متعلق امور کے بارے بریف کیا۔
وزیر اعلیٰ نے دورہ کے موقع پر مزدوروں سے مصافحہ کیااور محنت اور لگن سے کام کرنے پر مزدوروں کو شاباش بھی دی۔ اس موقع پر
صوبائی وزراء ،مشیران ،سیکرٹری تعمیرا ت ومواصلات، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ، ،ڈپٹی کمشنر اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی موجود تھے۔











