وزیر اعلی کا پنجاب کابینہ کے ہمراہ فلیگ شپ پراجیکٹ ایکسپریس وے موٹر وے لنک روڈ کا تفصیلی دورہ

42

 

لاہور،21نومبر  (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے منگل کو پنجاب کابینہ کے ہمراہ فلیگ شپ پراجیکٹ ایکسپریس وے موٹر وے لنک روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف مقامات پر منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی ٰ نے اسفالٹ بچھانے کے عمل کا مشاہدہ کیا، مزدوروں سے مصافحہ کیا اور محنت سے کام کرنے پر مزدوروں کو شاباش دی۔ انہوں نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی نے 15.2کلومیٹر طویل دو رویہ کیرج وے کی جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کا 65 فیصد کام اور 15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کاتقریبا 100فیصد ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے۔ روڈز کے اسفالٹ کا کام شروع ہونے پر وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 وزیر اعلی محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او اور کمشنر گوجرانوالہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔وزیر اعلی نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلی تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے کیرج وے کے دونوں اطراف باڑ لگانے کی بجائے حفاظتی دیوار بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گوجرانوالہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کے منصوبہ کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

 وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی، منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور کا سفر 45 منٹ رہ جائے گا، گوجرانوالہ15.2 کلومیٹر طویل دو رویہ کارپٹیڈ سڑک موٹر وے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینظیر چوک سے واہنڈو انٹر چینج تک زیر تعمیر روڈ پر 6پل، 22باکس،23پائپ کلورٹس،5جانوروں کی گزر گاہیں اور 5سب ویز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔

 ایف ڈبلیو او کے کرنل جمال نے وزیراعلی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ کمشنر گوجرانوالہ اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بھی منصوبے سے متعلق امور کے بارے بریف کیا۔

 صوبائی وزرا،مشیران،سیکرٹری تعمیرا ت ومواصلات،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن،ڈپٹی کمشنر اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔