قصور، 22نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر محمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت جنرل الیکشن 2024کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی نے بتایاکہ ضلع قصور میں 4قومی اور 10صوبائی سیٹوں پر جنرل الیکشن ہونگے، ضلع میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد22لاکھ 28ہزار 474ہے، ضلع میں کل 1523پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائینگے، 8776 پولنگ بوتھ بنائے جائینگے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن میں 14ریٹرننگ آفیسرز،28اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات ہونگے، 1523پرزائیڈنگ آفیسر ز،8782اسسٹنٹ پرزائیڈنگ آفیسرز،4391پولنگ آفیسرز،1523نائب قاصد اور 5فیصد اضافی سٹاف تعینات کیا جائیگا۔
ڈپٹی کمشنرقصورنے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئندہ عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔ پولنگ سٹاف کی ٹریننگ،عملہ کی تعیناتی،ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کیلئے جامع پلان جلد تیار کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونیوالے ضابطہ اخلاق پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا، شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تنویر احمد خاں، الیکشن آفیسر علی اویس منظور، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالوحید، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالغفار ڈوگر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن اتھارٹی ملک انور ندیم، ڈی ایس پی فیاض احمدو دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔