لاہور، 24 نومبر(اے پی پی): صوبائی وزیر لائیو سٹاک ابراہیم حسن کی زیر صدارت پنجاب ہلال ڈیولپمنٹ ایجنسی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کھانے پینے کی ہلال اشیاء بارے آگاہی مہم شروع کرنے اور غیر ہلال امپورٹڈ اشیاء کی روک تھام لازمی بنانے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر کو رجسٹرار پی ایچ ڈی اے کا اضافی چارج دیا گیا۔ صوبائی وزیر نے راجہ جہانگیر کو ایک ہفتے کا ٹاسک دیتے ہوئے ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کھانے کی حلال مصنوعات اور غیر غذائی اشیاء کے لیے پنجاب بھر کے عوام میں آگاہی پھیلائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی اے مفتیوں کا شریعہ بورڈ تشکیل دے اور صوبہ بھر میں ہلال اشیاء کے سرٹیفکیٹ کا عمل شروع کیا جائے ۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ پی ایچ ڈی اے ایکٹ 2016 کے نفاذ کو یقینی بنائے اور ایکٹ پر پابندی کے لیے فیلڈ سٹاف اور افسران کو پابند کیا جائے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مینوفیکچررز اپنی اشیاء پر ہلال کا لوگو لازمی استعمال کریں ۔ لائسنس انکو جاری کیا جائے جو ہلال پراڈکٹس کا لوگو لگائیں گے۔ کوئی بھی کمپنی ایجنسی کی اجازت کے بغیر ہلال کا لوگو نہ لگائے ۔ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ غیر ہلال اشیاء کی مارکیٹنگ بند کرائی جائے اور حلال مصنوعات کی مارکیٹنگ یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو بتایا جائے کہ ایکٹ کی خلاف ورذی پر ایک سے دس لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال تک قید یا پھر جرمانہ اور قید دونوں بھی ہوسکتے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ نیک نیتی اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے کام کریں۔