لاہور۔27نومبر (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی پروموٹ ہونے والے لاہور پولیس کے افسروں کے اعزاز میں تقریب ہوئی۔تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس آئی پروموٹ ہونے والے 63 پولیس اہلکاروں کو نئے عہدے کے رینک لگائے۔
اس تقریب میں پروموٹ ہونے والے اے ایس آئیز کے بچوں، اہلخانہ اور عزیز و اقارب نے بھی شرکت کی جبکہ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور عمران کشور، ایس ایس پی ایڈمن لاہور عاطف نذیر اور اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
لاہور پولیس کے آپریشنز، انوسٹی گیشن، آرگنائزڈ کرائم یونٹ، ایلیٹ فورس، سکیورٹی ڈویژن سمیت مختلف ونگز کے افسران کو پروموشن رینک لگائے گئے۔آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے اے ایس آئیز اور انکے عزیز و اقارب کو مبارک باد دی اور بچوں سے شفقت کا اظہار کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ رواں سال 15000 سے زائد افسران و اہلکاروں کو میرٹ اور قواعد و ضوابط پر ترقیاں دی گئیں، پاسبان منصوبے کی منظوری کے بعد 5000 مزید پروموشنز ہوں گی، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، پی ایچ پی فورس کا پروموشن و سروس اسٹرکچر بہتر کیا گیا ہے، آئی جی پنجاب نے اے ایس آئی عہدے پر ترقی پانے والے اہلکاروں کو مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔