اسلام آباد،05 دسمبر(اے پی پی):نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کی پلئیر آف دی میچ کھلاڑی عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے پر بہت خوشی ہے، جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے پاکستان کا کسی بڑی ٹیم کو ہرانے کا خواب بالآخر پورا ہوگیا ہے۔
میچ کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں عالیہ کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے کوشش میں تھے کہ کسی بڑی ٹیم کو ہرائیں۔یہ یادگار جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے اپنی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ کے دوران یہی کوشش تھی کہ جو بھی گیند ملے اسے چوکے اور چھکے میں بدل دوں ۔جو میرا نمبر ہے اس میں کوشش یہی ہوتی ہے کہ تیزی سے رنز بناؤں اور ٹیم کے لیے کچھ کرسکوں اور کہا کہ کوشش ہوگی کہ سیریز کو تین صفر پر ختم کریں۔