اسلام آباد،11 دسمبر(اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضٰی سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں خواتین کا فعال کردار بہت ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ساﺅتھ ایشیا پارٹنر شپ پاکستان کے زیر اہتمام “ خواتین کی سیاست میں شمولیت” کے عنوان سے پالیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ایک مقدس فرض ہے، صرف قوانین بننے سے صنفی امتیاز کا خاتمہ ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو برابر کے حقوق دینے کے لئے ہمیں اپنی سوچ بدلنی ہو گی۔
مرتضٰی سولنگی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول 16دسمبر سے قبل جاری کردے گا اور عام ا نتخابات 8فروری کو ہی ہوں گے ، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔