اسلام آباد،11دسمبر (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک)نے سندھ سکول ری ہیبیلیٹشن پراجیکٹ اوروزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم سمیت کئی اہم قومی نوعیت کے میگا منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔
ایکنک کااجلاس پیرکویہاں نگراں وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرشمشاداخترکی زیرصدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں 25098.220 ملین روپے لاگت کے خیبرپختونخوا فوڈسیکورٹی سپورٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، یہ منصوبہ 5 سال کی مدت کیلئے ہے، منصوبہ اپردیر، سوات، ملاکنڈ، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ اورڈی آئی خان میں شروع ہوگا۔ منصوبہ کے تحت سیلاب سے زیادہ متاثرہونے والے اضلاع میں غذائی سلامتی اورماحولیاتی موزونیت کے حوالہ سے اقدامات کئے جائیں گے۔
اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی ہنگامی امداد سے سندھ سکول ری ہیبیلیٹشن پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، منصوبہ پر 8608050.50 ملین روپے کی کی لاگت آئیگی جس میں سندھ حکومت کاحصہ 7562.50 ملین روپے اورایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 78518.00 ملین روپے کاقرضہ شامل ہے۔ منصوبہ کے تحت سندھ کے اضلاع دادو، خیرپور، لاڑکانہ، نوشہرہ فیروز اورقمبرشہدادکوٹ میں سیلاب سے جزوی اورمکمل طورپرتباہ ہونے والے 1607 سکولوں کی تعمیرنو اوربحالی کاکام مکمل جائیگا۔
اجلاس میں 16801.23 ملین روپے کی لاگت سے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دی گئی۔ منصوبہ پرہائیرایجوکیشن کمیشن عمل درآمدکرے گا۔ اجلاس میں 24224.921 ملین روپے کی لاگت سے کے پی ہیومن کیپٹل انویسٹمنت پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔منصوبہ کے تحت پناہ گزینوں کی میزبان کمیونٹیز میں صحت عامہ کی خدمات میں بہتری لائی جائیگی۔
اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی سمیع سعید، وزیرمواصلات شاہداشرف تارڑ، وفاقی سیکرٹریزاور وفاقی وصوبائی محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔











