”پاکستان بیت المال ایٹ اے گلانس”سالانہ تقریب ،غربت کے خاتمے کیلئے بیت المال کے منصوبوں کو اجاگر کیا گیا

45

اسلام آباد،12 دسمبر (اے پی پی ): پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام ایوان قائد اسلام آباد میں”  پاکستان بیت المال ایٹ اے گلانس”  سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں مختلف سٹالز  کے ذریعے غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان بیت المال کی کاوشوں اور اس کے تمام منصوبوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

 تقریب میں پاکستان بیت المال ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز، چائلڈ لیبر بحالی مراکز،  پاکستان سویٹ ہومز، انفرادی مالی امداد برائے میڈیکل، ایجوکیشن،  شیلٹر ہومز وغیرہ کے سٹالز بھی شامل تھے۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پروگرام کا بنیادی مقصد مخیر حضرات، عطیہ دہندگان، بین الاقوامی این جی اوز، سفارتی مشنز، ملٹی نیشنل کمپنیز اور دیگر ڈونر ایجنسیز کو پاکستان بیت المال کی غربت کے خاتمے کیلئے جاری پروگراموں اور سرگرمیوں کو مارکیٹ کرنا ہے تاکہ شراکت داری اور تعاون کے نئے پہلوؤں پر کام کیا جاسکے اور ڈونرز کو ادارے کی افادیت اور کارکردگی سے روشناس کرایا جاسکے۔

تقریب کے شرکاء کی آگاہی کے لئے پاکستان بیت المال کے تعاون سے چلنے والے غریب و مستحق افراد کے لئے مختلف اقدامات و سہولیات کی فراہمی سے متعلق اسٹالز لگائے گئے، جن پر مصنوعی اعضاء کے فراہمی، تھلیسیمیا سے آگاہی متعلق اسٹال، مصنوعی آلات، لیبارٹریز، سویٹ ہومز اور دیگر سرگرمیوں پر معلومات فراہم کی گئیں۔

تقریب میں پاکستان بیت المال سویٹ ہومز اور چائلڈ لیبر بحالی مراکز کے بچوں نے  معزز مہمانوں کے سامنے مختلف ٹیبلوز، ڈرامے، تقریریں، کلچرل پرفارمنس، علاقائی رقص اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔