لاہور، 16 دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں تعلیم اور ملازمت کی جگہ پر تحفظ دینا بہت اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسگی خواتین فوزیہ وقار سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے ہفتہ کو یہاں گورنر سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں تعلیم اور ملازمت کی جگہ پر تحفظ دینا بہت اہم ہے۔ تعلیمی اداروں میں خواتین کی ہراسانی سے متعلق آگہی اور ان واقعات کے تدارک کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جامع پالیسی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر ہائر ایجوکیشن پالیسی پر عملدرآمد کےلئے یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کو خاص ہدایات دی ہیں ۔
فوزیہ وقار نے کہا کہ خواتین کو تعلیمی اداروں اور کام کی جگہ پر ہراسانی کے قوانین سے آگہی بہت ضروری ہے، وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسگی خواتین کا ادارہ ہراسانی کے خلاف تحفظ دینے کے ساتھ خواتین کے وراثت کے حقوق کے کیسز میں انصاف مہیا کرنے میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔