اسلام آباد، 17 دسمبر(اے پی پی ):تیزی سے مستحکم ہوتی ملک کی معاشی صورتحال، روپے کی قدر میں بہتری اور اسٹاک مارکیٹ کا بلند ترین سطح تک جانا، نگراں حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں اور کاوشوں کا ثمر ہے۔
پٹرول کی فی لیٹر قیمت 331.38 روپے سے کم ہو کر 267.34 روپے پر آ گئی ہے، قیمتوں میں کمی کے اعلان کو عوام نے خوب سراہا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے اثرات اشیاء ضروریہ و خوردونوش پر ہوتے ہیں، عوامی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
شہریوں نے اپنے روزمرہ گزر بسر کی خاطر اپنی موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو ذریعہ معاش بنا رکھا ہے، معاشی استحکام اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ان کے اخراجات میں کمی کا باعث بنے گا۔ کاروباری برادری اور معاشی ماہرین نے تیل کی قیمتوں میں کمی اور شرح مبادلہ کے استحکام کو سراہا ہے اور حکومت کے اقدامات کو پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت قرار دیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق موثر حکومتی پالیسیوں کی بدولت معیشت مثبت سمت پر گامزن ہے، اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندیوں پر پہنچنا اور ڈالر کی قیمتوں میں واضع ٹھروا ملک کے صنعتی شعبے پر اچھے اثرات ڈالے گا۔











