کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا؛چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان

22

 

لاہور،18دسمبر( اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ حکومت کھاد پر سبسڈی کسانوں کیلئے دے رہی ہے، ناجائز منافع کمانے کیلئے نہیں۔کھاد کی گرانفروشی کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے،کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا

ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے  ڈپٹی کمشنرز کے  ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کھاد کی گرانفروشی کی روک تھام کیلئے سخت انتظامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، ڈپٹی کمشنرز کو یوریا کھاد کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔

چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو تمام عملہ فیلڈ میں متحرک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت کھاد پر سبسڈی کسانوں کیلئے دے رہی ہے، ناجائز منافع کمانے کیلئے نہیں،کھاد کی گرانفروشی کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے،کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کر کے کسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دینگے، کھاد کی گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی میں ملوث ڈیلروں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو کھاد کی قیمتوں، طلب اور رسد بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ رواں ماہ کھاد کی گرانفروشی پر76مقدمات کا  اندراج، 36ڈیلروں کو گرفتار کیا گیا۔17ہزار آٹھ سو کھاد کی بوریاں ضبط اور 90لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ حکام اور تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔