اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی):عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز 20 دسمبرسے ہو رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری انتخابی شیڈول کے مطابق عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کے لیے ریٹرننگ افسران آج بروز منگل پبلک نوٹس جاری کریں گے۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 20 تا 22 دسمبر ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہوگیاور اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی اور13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق 2018 کے مقابلے میں 2024 کے عام انتخابات کے لیے 2 کروڑ 26 لاکھ 30 ہزار 351 ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے ، ملک میں کل ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہوگئی ہےجبکہ 2018 کے الیکشن میں ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی، اس وقت مرد ووٹرز کی شرح 53.87 فیصد اور خواتین ووٹرز کی شرح 46.13 فیصد ہےجس میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 ہے۔
عام انتخابات کیلئے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز 20 دسمبر سے ہو رہا ہےجبکہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔











