اسلام آباد،22دسمبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت وپیداوارنے پاکستان سٹیل مل کے امور ومسائل پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں نگران وزیر برائے صنعت و پیداوار اور سیکرٹری کو طلب کرلیا ہے ۔کمیٹی نے پاکستان سٹیل مل کے سی ای او کی تعیناتی کو جلد سے جلد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر خالدہ عطیب کی زیرصدارت جمعہ کویہاں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا۔اجلاس میں پاکستان اسٹیل مل، نیشنل فرٹیلائیزر کارپوریشن اور پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر سے متعلق کمیٹی کی گزشتہ اجلاس کی سفارشات پر عملدرآمد بارے مفصل بریفنگ دی گئی۔
سی ایف او پاکستان سٹیل مل نے کمیٹی کو بتایا کہ سٹیل مل کے ملازمین کی عارضی ریلیف الاﺅنس کی مد میں 25 فیصد تنخواہ بڑھائی گئی ہے جو ستمبر 2023 سے دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ الاﺅنس فی الحال ایک سال کیلئے ہے۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل مل میں چوریوں کے بڑھتے رجحان پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔