حج کو ایک لاکھ تک سستا کر دیا ہے ،ایئرلائنز سے مزید رعایت ملی تو حجاج کے اکاؤنٹس میں واپس بھجوا دینگے؛ انیق احمد

46

 

کراچی،24 دسمبر(اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے  کہ ہم نے حج کو سستا کرنے کا آغاز کیا اور حج کو ایک لاکھ سستا کیا، اگر ایئرلائنز سے مزید رعایت ملی تو حجاج کے اکاؤنٹس میں واپس بھجوا دینگے، مالی اور جسمانی استطاعت رکھنے والے پر حج فرض ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اتوار کو یہاں  حج گروپ آرگنائزرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام “تعظیم حرمین شریفین کانفرنس” کے شرکاء سے  خطاب  کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی بھی موجود تھے ۔

نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے  کہ حجاج کرام جب یوم عرفہ میں اللہ کے حضور ہاتھ اٹھائیں تو ہمارے لیے اور ملک خداداد پاکستان کیلئے بھی دعا کریں،وزارت کا منصب سنبھالنے کے بعد  کوشش کی کی حجاج کی دعائیں لی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک حج موبائل ایپ سے حجاج کو قدم قدم پر رہنمائی ملے گی، تمام حجاج کو 7 جی بی ڈیٹا والی موبائل سم فری مہیا کریں گے، 30 کلو سامان کیلئے بڑا بیگ اور ہیڈ کیری اور خواتین کیلئے عبایا مفت فراہم کرینگے۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ چاہتا ہوں تمام درخواست گزاروں کو بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دی جائے لیکن کابینہ سے اجازت لینا ہو گی۔  انہوں نے کہا کہ حج خود سے خدا تک سفر کا نام ہے۔

 کانفرنس سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین کی تعظیم حد درجہ ضروری ہے، ان کے تقدس کیلئے ہم پاکستانیوں کی جان بھی قربان ہے، دعا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں بھی جلد جا کر عبادت کریں۔

 کانفرنس میں کراچی میں تعینات سعودی قونصل جنرل، پرائیویٹ حج گروپ آپریٹرز بھی شریک تھے۔