اسلام آباد،27دسمبر(اے پی پی): قومی خبر رساں ادارہ ایسویسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے گزشتہ کچھ عرصہ میں فوت ہونے والے ملازمین اور عزیز و اقارب کے ایصال ثوب کے لئے اے پی پی ہیڈ آفس میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس سے اپنے مختصر خطاب میں اے پی پی کے سربراہ محمد عاصم کھچی نے مرحومین کو یاد کرنے اور ان کے لئے دعائے مغفرت کرنے کی اس روایت کو سراہا اور کہا کہ ایک ادارے کے ملازمین کی مثال ایک خاندان کے افراد کی طرح ہوتی ہے۔ یہ ادارہ ہمارے لئے گھر جیسا تقدس رکھتا ہے۔ ہم سب ایک دوسرے کے غم اور خوشی میں شریک ہیں کیونکہ خوشی میں شرکت سے خوشی بڑھتی ہے تو غم میں شرکت سے غم میں کمی ہوتی ہے۔
ایم ڈی اے پی پی عاصم کھچی نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ انتقال کرنے والے ملازمین کے پینشن اور دیگر بقایاجات کی ادائیگی میں جلدی کی جائے اور یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ جانے والوں کا حق اور ہمارا فرض ہے۔
تعزیتی ریفرنس کا آغاز سید عطا اللہ شاہ بخاری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی عدنان بخاری نے نعت رسول مقبولﷺپڑھی اور راؤ شرجیل نے اجتماعی دعا کرائی۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند مہینوں میں وفات پانے والے ملازمین میں اسرار الحق کلو، مبشر نواز، ظہیر احمد کے برخوردار، ناصر محمود کے صاحبزادے، علی جابر کے والد، آصف افتخار کے والد، محمد اشفاق کے والد، راشد جمیل کے والد، سکندر حیات کے والد، شبانہ رسول کی والدہ، طاہر امین کی والدہ، آغا کرم علی شاہ کی والدہ، صابر حسین کی والدہ، محمد ظہیر کی والدہ، زکا اللہ کی والدہ، حق نواز بھٹو کے بھائی، عظمت علی کی بیٹی، ممتاز حسین کے سسر، منیبہ افتخار کی والدہ، شرجیل امجد راو کے بھتیجے اور براردر نسبتی اور دیگر شامل ہیں۔