اسلام آباد،28 دسمبر (اے پی پی ) : نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ، جس میں میڈیا کے شعبوں میں تعاون، ثقافتی وفود کے تبادلوں، دوطرفہ باہمی تجارتی تعلقات، ایران ایکسپو 2024ءسمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں تجارتی و اقتصادی شعبوں بالخصوص ای سی او تنظیم کے دائرہ کار میں باہمی تعاون، مشرق سے مغرب تک راہداری، دونوں ممالک کی بندرگاہوں پر دوطرفہ تعاون اور تہران اسلام آباد تعلقات میں توسیع کی اہمیت پر زوردیا گیا اور دونوں ممالک ک کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان اور ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون وقت کی ضرورت ہے، پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی )اور اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی (ارنا) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور ایران کی آڈیو ویژول میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ساترا) جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز، پاکستان ٹیلی ویژن اور ایران کے آڈیو ویژول اور سینما کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کیلئے ایم او یوز پر کام جاری ہے۔
ملاقات میں ایران کے ثقافتی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو کو وزیر اطلاعات نے خوش آئند قرار دیا۔ ایرانی سفیر کو پاکستان میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔ایران کے سفیر نے صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے نگران حکومت کے عزم کو سراہا۔
ملاقات میں ایران ایکسپو 2024ءکے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایران ایکسپو 2024ءدونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کا اہم موقع ہے۔