لاہور،29دسمبر (اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر میں سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کا افتتاح کردیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کے کانفرنس روم، کلاس رومز اور آڈیٹوریم سمیت مختلف شعبوں کامعائنہ کیااور زیر تربیت کارپورلز سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ وارانہ تربیت کوسراہا۔
محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کے قیام پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم خان کی کاوشوں قابل تحسین قرار دیتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس، دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کی سرکوبی میں سی ٹی ڈی پنجاب لیڈنگ ایجنسی کاکردار اداکررہی ہے۔ سی ٹی ڈی کی بے مثال کارکردگی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم خان نے مختصر عرصے میں ٹیم ورک سے سی ٹی ڈی کو مثالی ادارہ بنایا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے لئے 313 نئے گھر تعمیر کئے جارہے ہیں،40 نئے سمارٹ پولیس سٹیشن بن رہے ہیں۔ 20شہرو ں میں سیف سٹی پراجیکٹس 31جنوری تک فنکشنل کرنے کا پروگرام بنایاہے۔31جنوری تک پنجاب کے 737 تھانوں کے پاس اپنی اراضی ہوگی۔اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار سی ٹی ڈی کے افسر اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں او رکامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، سی سی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔