حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے،نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد

35

 

 کوئٹہ 02جنوری(اے پی پی)نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے ،رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے رقم ایک لاکھ روپے کم کر دی گئی ہے اور حجاج کرام کی سہولت کیلئے فری موبائل سم اور موبائل ایپ لانچ کی گئی ہے،جس سے عازمین حج کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے مقامی ہوٹل میں بین المذاہب ہم آہنگی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نگران وفاقی مذہبی امور نے کہا کہ دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے،برداشت اور احترام کا رویہ اسلام کی تعلیمات کا لازمی جزو ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، بحیثیت قوم بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیں مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ علماءو مشائخ سے ملاقات اور سیمینار کا مقصد یہی ہے کہ مذہبی ہم آہنگی اور احترام کو مزید مضبوط و مربوط بنایا جائے اور ایک دوسرے کے ساتھ باہمی بھائی چارے اور محبت کے ساتھ ملک کی ترقی میں یکجا ہو کر کردار ادا کرنا ہے۔ دین اسلام بین المذاہب ہم آہنگی کا درس دیتا ہے، موجود حالات کا تقاضہ ہے کہ دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالموں کا انعقاد کیا جائے، اس حوالے سے اسلام کا فلسفہ نہایت حقیقت پسندانہ اور واضح ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اختلافات کو سمجھ کر مذاہب کے مشترکات کو جمع کر کے آگے بڑھا جا سکتا ہے،پرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے اسلام کے دیئے ہوئے زریں اصولوں کی آج دنیا کو بے حد ضرورت ہے،اس حوالے سے نبی کریمﷺکی زندگی سے رہنمائی لینا ہوگی۔ آپ ﷺنے مدینہ کی ایسی ریاست تشکیل دی جس میں   مختلف مذاہب کے لوگ آباد تھے اور وہاں امن و سلامتی اور باہمی احترام غالب تھا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان ایک ایسا خطہ ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملکی ترقی میں شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیرانیق احمد نے کہا کہ نگران حکومت کی کوشش ہے کہ ہم اپنے پیچھے مثبت اثرات چھوڑ کر جائیں اس لئے بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت مسلمانوں کی ہے اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتوں کا خیال رکھیں جبکہ اقلیتوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ ملک کی نیک نامی کا باعث بنیں ۔

تقریب میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبد الخبیر آزاد، مولانا انوار الحق حقانی، مفتی روزی خان، ڈاکٹر عطا الرحمان،سردار جسبیر سنگھ،انند کمار، بی آر ایس پی کے سربراہ نادر گل بڑیچ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔