لاہور، 07 جنوری(اے پی پی): برطانوی تنظیم کے وفد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔برطانوی تنظیم کےوفد میں اسد علی ، زاہد بھٹی اور عبداللہ مشتاق شامل تھے ۔دوران ملاقات ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کی مدد ، سہولت ، تعلیم کیلئے جاری اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی ایلیٹ منصور الحق، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی سیدہ شہربانو اور پنجاب پولیس کی وکٹم سپورٹ افسران معصومہ اور کشش نے میٹنگ میں شرکت کی۔
برطانوی وفد کو پولیس تحفظ مراکز کے پلیٹ فارم سے ٹرانسجینڈرز کی معاونت کیلئے جاری اقدامات بارے آگاہ کیا گیا۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے وفد کو بتایا کہ پنجاب پولیس نے تحفظ مرکز کے پلیٹ فارم سے ٹرانسجینڈرز سمیت دیگر کمزور طبقوں کے سماجی تحفظ کیلئے 300 سے زائد ایم او یوز سائن کئے ہیں۔ اے ایس پی سیدہ شہربانو نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع کے پولیس تحفظ مراکز میں ٹرانسجینڈرز کو وکٹم سپورٹ افسران تعینات کیا گیا ہے ۔
ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کو بتایا کہ ٹرانسجینڈرز وکٹم سپورٹ افسران اپنی کمیونٹی کے افراد کو ترجیحی سماجی و قانونی تحفظ فراہم کر رہے ہیں ۔ ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کے افراد کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے مختلف تنظیموں کے تعاون سے ترجیحی اقدامات جاری ہیں ۔ دوران ملاقات ٹرانسجینڈرز افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتال میں خصوصی وارڈ کے قیام بارے تبادلہ خیال کیا گیا اور ٹرانسجینڈرز افراد کی تعلیم کیلئے پولیس تحفظ مرکز سکول کے قیام بارے گفتگو کی گئی۔ اسد علی نے کہا کہ ٹرانسجینڈرز افراد کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے ووکیشنل ٹریننگ سمیت باہمی تعاون سے مشترکہ اقدامات کئے جائیں گے ۔
برطانوی وفد میں شامل شخصیات نے ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے پولیس تحفظ مراکز کی کارکردگی کو سراہا ۔ زاہد بھٹی نے کہا کہ پولیس تحفظ مرکز کے اقدامات سے ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کو سماجی تحفظ حاصل ہوا، مشکلات میں کمی آئی ہے۔