پشاور، 10 جنوری(اے پی پی):کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ایس پی صدر وقاص رفیق کی ہدایت پر صدر سمیت نواحی علاقوں میں جرائم پیشہ، سماج دشمن عناصر اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رکھی ہیں۔
اس سلسلے میں ڈی ایس پی پشتخرہ سجاد حسین کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سربند فواد خان نے خفیہ اطلاع ملنے پر گودام میں موجود غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن برآمد کرکے ملزم دلبر خان ولد فرحاد کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزم نواحی علاقہ بڈھ بیر کگہ ولہ کا رہائشی ہے، جس کے گودام میں بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ وایمونیشن موجود تھا، جس کو وہ موقع ملتے ہی ملک کے دیگر شہروں کو سمگل کرنے کا پلان رکھتا تھا۔
کارروائی کے دوران گوادم سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن ایک عدد کلاشنکوف، ایک عدد رائفل، 13 عدد پستول، 18 عدد پستول پارٹس کی شکل میں، بیرل 22 عدد، مختلف بور کے کارتوس 500 عدد اور میگزینز 42 عدد برآمد کرلئے گئے ہیں۔
ملوث ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔











