کوئٹہ، 10 جنوری (اے پی پی):نگران صو بائی و زیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے معاملے کو غلط رنگ دے کر پاکستان کو عالمی سطح پر بد نام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر ما ہ رنگ بلوچ کے موقف پر بعض قوم پرست جما عتیں مہم چلا رہی ہیں، مسنگ پرسنز کے حوالے سے پروپیگنڈے کو سپریم کورٹ میں پیش ہونے والی رپورٹ نے بے نقاب کیا ۔
بدھ کو یہاں کوئٹہ پر یس کلب میں پر یس کانفرنس کر تے ہو ئے جان اچکزئی نے کہا کہ رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ لاپتہ افراد کے معاملے کو پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پیش ہونے والی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 10 ہزار لاپتہ ہوئے جن میں 8ہزار افرادبازیاب جبکہ بلوچستان میں 2 ہزار 7 سو افراد لاپتہ ہوئے ہیں جن میں سے صوبے میں اب تک 22 سو لاپتہ افراد بازیاب ہوچکے ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق لاپتہ افراد میں بعض لو گ افغا نستان ،بھارت سمیت دیگر ملکوں میں ہیں۔دہشتگردوں کے نام بھی لاپتہ افراد میں درج کرکے ریاست پر دبائو ڈالا جاتا ہے۔سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش ہونے کے بعد لاپتہ افراد کےمعاملے کو اب سیاست کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے ۔











