لاہور،19جنوری (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ سعودی عرب کے سفیرنے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی عوامی خدمات کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور وزیراعلیٰ محسن نقوی کی غیر معمولی رفتار سے عوامی منصوبوں کو مکمل کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بالخصوص لاہور میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ان تھک محنت نظر آرہی ہے۔ پنجاب میں ایک سال کے دوران غیر معمولی ترقی کی نئی مثال قائم ہوئی اورلاہور سمیت کئی شہر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے پہلے سے زیادہ خوبصورت نظر آ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ ازل سے ہے، ابد تک رہے گا۔ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے لئے سعودی عرب کے کردار کو فراموش نہیں کرسکتے۔محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کے بے مثال تعاون پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ آفس آمد پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیداحمد المالکی کا پرتپاک استقبال کیا۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،عامر میر،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری وزیر اعلیٰ، سیکرٹری وزیر اعلیٰ عملدرآمد اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











