سیف سٹی پروجیکٹ کا افتتاح،جرائم پیشہ افراد کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ جرائم کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی

17

 

خانیوال، 22 جنوری (اے پی پی ): پولیس کے سب سے بڑے منصوبے سیف سٹی پروجیکٹ کا افتتاح کردیا گیا ہے  اب جدید سی سی کیمروں کی مدد سے شرپسند تخریب کار اورجرائم پیشہ افراد کی نگرانی میں مدد ملے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویثزن کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ڈی پی او رانا عمر فاروق کے ہمراہ سیف سٹی خانیوال کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ ڈی پی او  نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت شہر بھر کے مختلف چوکوں اور اہم پوائنٹس پر ہائی کوالٹی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں جن سے مجرموں کی نقل و حرکت، جرائم پیشہ عناصر کی نگرانی، شرپسند اور تخریب کار عناصر کو مسلسل مانیٹر کرنے میں مدد ملے گی۔انہو ں نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو مکمل کرکے فعال کرنے کا سہرا ہونہار پولیس آفیسرز کے سر ہے۔

آرپی او ملتان نے ڈی پی او آفس میں جدید طرز پر تعمیر کیے گئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور پولیس بریفنگ روم کا بھی افتتاح کیا۔انہوں نے ڈی پی او رانا عمر فاروق اور ان کی ٹیم  کی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔

سیف سٹی کے قیام سے جرائم پیشہ افراد کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ جرائم کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔