عام انتخابات2024:ضابطۂ اخلاق اور انتخابی قوانین

38

اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی):2024 کے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار اور الیکشن ایجنٹ دستور اور قوانین کی پابندی کریں گے۔

سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابات کے مؤثر انعقاد، اور امن و عامہ کو برقرار رکھنے کیلئے الیکشن کمیشن کے تمام احکامات اور ضابطہ اخلاق کی پیروی کریں گے، انتخابی مہم کے دوران اپنے کارکنوں کو تشدد سے باز رکھیں گے، جلسے، جلوسوں اور پولنگ والے دن کسی قسم کے ہتھیار یا آتشیں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی اور کوئی سیاسی جماعت یا امیدوار 18×23 انچ کے پوسٹر، 9×6 انچ کے ہینڈ بلز، پمفلٹس، 3×9 فٹ کے بینرز اور 2×3 فٹ کے پورٹریٹس استعمال کر سکیں گے،قرآنی آیات، احادیث اور دیگر مذاہب کے مقدس صحیفوں کی تعظیم برقرار رکھنے کیلئے تشہیری مواد پر ان کو پرنٹ کرانے سے گریز کریں گے۔تمام سرکاری مقامات، قومی اداروں، تنصیبات اور پلوں پر پوسٹر چسپاں کرنے کی سختی سے پابندی ہو گی۔ہورڈنگز بل بورڈز، وال چاکنگ اور کسی بھی سائز کے پینا فلیکس پر مکمل پابندی ہو گی، کسی سرکاری ملازم کی تصویر تشہری مواد پر پرنٹ نہیں کرائی جا سکے گی۔کسی جماعت کے لگے پوسٹرز، بینرز دوسری جماعت نہیں ہٹائے گی، سرکاری عمارتوں پر اپنی جماعت کا جھنڈا لہرانے کی پابندی ہو گی۔

سیاسی جماعتیں جلسے، جلسوں کیلئے مختص جگہ کا استعمال کریں گی، پیشگی پروگرام سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے گا اور گاڑیوں، کار ریلیوں کی اجازت نہیں ہو گی۔