لاہور،29 جنوری (اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں خرچ کی جا رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں خصوصی شرکت کی ۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کے حوالہ سے عدالت عالیہ کے احکامات پر عین مطابق سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے گا۔عدالت عالیہ نے سرکاری ہسپتالوں کے بنیادی مسائل پر روشنی ڈالی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے کوئی مشکل نہیں آنے دیں گے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں خرچ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سی ای او پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ سب کمیٹی سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات اور تجاویز پیش کرے گی۔
اجلاس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار الفرید ظفر، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال، پرو وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، پروفیسر ڈاکٹر توصیف فاطمہ و دیگر افسران اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے پرنسپل ساہیوال میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں عملدرآمد کروانے کیلئے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی ممبران نے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے عدالت عالیہ کے احکامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف نے اس حوالہ سے حاضرین کو بریفننگ بھی دی۔