لاہور،30جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈاکٹر فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز جوبلی ٹائون کا باضابطہ افتتاح کر دیا ۔ انہوں نے استقبالیہ کوریڈور میں ڈاکٹر فاطمہ جناح کے پورٹریٹ کی بھی رونمائی کی۔
وزیر اعلی نے انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور آن لائن ڈیجیٹل سسٹم،ریڈیشن کنٹرول روم اور ویٹنگ ایریا کا معائنہ اور ڈینٹل امپلانٹ، سیٹرلائزڈ روم اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ڈاکٹر فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز میں علاج معالجے کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں 435 ڈاکٹرز مختلف شفٹ میں فرائض سرانجام دیں گے۔ 120 بیڈز اور90 یونٹس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی مونٹ گئے تو حالات دیکھ کر خوف آتا تھا، پریشان اور حیران تھا کہ مریض ڈی مونٹ میں کیسے علاج کراتے ہیں۔ڈاکٹر فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز میں دانت سے متعلق امراض کا بہترین علاج ہو گا۔
ی این ایس، لاہور
وزیر اعلی نے فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کافی عرصہ زیر التوا رہا، ابتدائی لاگت 80کروڑ روپے تھی جو ساڑھے 4ارب روپے میں مکمل ہوا، جب ہمیں پتہ چلا محکمہ تعمیرات و مواصلات کو ہدایات دیں کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔محکمہ تعمیرات و مواصلات نے دن رات محنت کرکے ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کو مکمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز میں 435ڈاکٹرز فرائض سر انجام دیں گے۔فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کے پراجیکٹ کو مکمل کرانے کے لئے ڈاکٹرز نے بھی محنت کی ہے، سب کی محنت سے فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز پراجیکٹ فنکشنل ہوچکا ہے۔120بیڈز میں سے 90 بیڈز او پی ڈی مریضوں کے لئے مختص کیے گئے ہیں جبکہ باقی ہسپتال میں داخل مریضوں کے زیر استعمال ہوں گے۔فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز میں ہاسٹل بھی بنا دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











