پشاور،31 جنوری(اے پی پی): نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے ، صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کانسٹیبلز سے لیکر آفیسر تک نے قربانیاں دی ہیں جن پر پوری قوم فخر محسوس کرتی ہے۔ پولیس جوان ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں، یہ اس قوم پر پولیس فورس کا احسان ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوان جس جوانمردی اور بہادری کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور پوری قوم پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم مل کر اس ناسور اور فتنے کو جڑسے ختم کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پولیس لائنز پشاور میں،پولیس لائنز دھماکے کے شہداءکو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نگران صوبائی وزراءبیرسٹر فیروز جمال شاہ کا کا خیل اور انجینئر احمد جان کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہاکہ جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔ ہمارے شہداءہمارے محسن ہیں ،ہماری داستان شہداءکی عظیم قربانیوں سے عبارت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ دشمن کے بزدلانہ حملوں سے خیبر پختونخوا پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور پولیس جوانوں کا مورال ہمیشہ کی طرح بلند ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، پولیس فورس کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور ان کی تمام تر ضروریات کو بروقت پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔علاوہ ازیں پولیس زخمیوں کے علاج معالجے کے اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی، متعلقہ محکموں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پولیس شہداءویلفیئر فنڈ میں ایک کروڑ روپے جمع کرانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز دورہ کے موقع پر یادگار شہداءپر حاضری دی ، یاد گار پر پھول رکھے اور شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔











